تربت: ٹیچنگ اسپتال تربت میں 13 ڈاکٹرز غیر حاضر، محکمہ صحت بلوچستان نے 12 ڈاکٹرز کو معطل کر دیا، نوٹیفکیشن جاری

تربت(گدروشیا پوائنٹ) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے ٹیچنگ اسپتال تربت کا اچانک دورہ کیا، جہاں 13 ڈاکٹرز ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ اس موقع پر ہی غیر حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ نام وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیر صحت کو معطلی کے لیے ارسال کیے، جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ صحت نے 12 ڈاکٹروں کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جو بلوچستان ایمپلائز ایفی شینسی اینڈ ڈسپلن ایکٹ 2011 کے تحت جاری ہوا۔معطل ہونے والے ڈاکٹروں کا تعلق تربت، واشک، پنجگور، گوادر، دالبندین اور کوچلاک کے مختلف اسپتالوں سے ہے۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، عوام کو سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف سخت احتساب ہوگا۔

شہریوں نے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی کا اس اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ اس سے سرکاری اداروں میں بہتری آئے گی اور ذمہ داری کا احساس بڑھے گا