وفاقی وزیر برائے بحری امور دو روزہ سرکاری دورے پر گوادر پہنچ گئے

گوادر (گدروشیا پوائنٹ/ نمائندہ عبیداللہ بلوچ ) وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری دو روزہ سرکاری دورے پر گوادر پہنچ گئے، ان کے ہمراہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سمیت اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود تھا۔ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر جنرل داؤد بلوچ اور دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفد نے گوادر میں چائنا بزنس سینٹر کا دورہ کیا جہاں چیئرمین جی پی اے نورالحق بلوچ نے گوادر پورٹ، فری زون، گوادر انٹرنیشنل ٹرمینل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر مفصل بریفنگ دی۔ منصوبوں کی پیشرفت پر وفاقی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کیں۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ گوادر پورٹ پاکستان کی معیشت کا دل ہے اور جب اس بندرگاہ کا پہیہ چلے گا تو ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہ کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے مقامی تاجر برادری کو مرکزی کردار دیا جائے گا تاکہ گوادر کی معیشت کو زمین سے اٹھا کر عالمی منڈیوں سے جوڑا جا سکے۔ جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ گوادر کو عالمی تجارتی مرکز بنانے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے، اور یہاں سے معاشی خودمختاری کی نئی راہیں کھلیں گی