تربت(گدروشیا پوائنٹ)مون سون بارشوں کے حالیہ سلسلے کے دوران کیچ کور ندی میں آئے شدید پانی کے ریلے نے محکمہ ایریگیشن کی جانب سے حفاظتی بند پر جاری کاموں کو نقصان پہنچایا ہے۔ ایکسیئن ایریگیشن عدیل فیض کی زیر نگرانی بند کی بحالی اور مضبوطی کے لیے جو ابتدائی اقدامات کیے گئے تھے، وہ بارش کے باعث متاثر ہو چکے ہیں۔ اہل علاقہ نے عدیل فیض کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے، تاہم حالیہ صورت حال نے خطرات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اسی تناظر میں کمشنر مکران ڈویژن قادر بخش پرکانی نے ایکسیئن ایریگیشن عدیل فیض کے ہمراہ کیچ کور حفاظتی بند کا ہنگامی دورہ کیا۔ عدیل فیض نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملکی باغ حفاظتی بند کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے، جس پر فوری اور مکمل کام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقام پر مختلف ترقیاتی اسکیمات مرتب کی گئی تھیں لیکن وہ بدقسمتی سے شامل نہیں ہو سکیں، جس کے باعث مسئلہ جوں کا توں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بند کے آس پاس سے ٹریکٹروں کے ذریعے بجری اور مٹی اٹھائی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ آ رہی ہے بلکہ دباؤ بھی مخصوص علاقوں پر بڑھ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ندی کے اندر موجود جھاڑیاں پانی کا رخ بند کی طرف موڑ رہی ہیں، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔ عدیل فیض نے کہا کہ اگر فوری طور پر دو حفاظتی بند تعمیر کر دیے جائیں اور جھاڑیوں کی کٹائی کا کام مکمل کیا جائے تو پانی کا بہاؤ متوازن کیا جا سکتا ہے اور بند کو درپیش خطرات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کیچ کو اس بابت باقاعدہ درخواست جمع کرائی ہے۔ اس موقع پر تعمیر و مواصلات ایکسیئن روڈ گل محمد نے بھی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بھاری گاڑیاں یہاں مسلسل بجری اٹھا رہی ہیں جس سے کیچ کور کا پل کمزور ہو رہا ہے۔ اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو پل کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ کمشنر مکران قادر بخش پرکانی نے صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ کیچ کور بند اور پل کے اطراف کسی کو بھی بجری یا پتھر اٹھانے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میٹریل اٹھانے کا عمل نہ روکا گیا تو یہ نہ صرف حفاظتی بند بلکہ پل کی تباہی کا سبب بھی بن سکتا ہے، جو علاقہ مکینوں کے لیے شدید خطرہ ہوگا۔ کمشنر مکران نے محکمہ ایریگیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر دو حفاظتی بند تعمیر کرنے، جھاڑیوں کی صفائی اور بند کی مرمت کا کام شروع کریں تاکہ آئندہ بارشوں میں کسی بھی ممکنہ تباہی سے بچا جا سکے۔ علاقہ مکینوں نے کمشنر مکران اور ایکسیئن ایریگیشن کی فوری مداخلت کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرے اور اسکیمات کو فوری طور پر منظور کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بڑے انسانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

