یونیورسٹی آف بلوچستان اور سنڈیمن صوبائی اسپتال و ٹراما سینٹر کوئٹہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گیے

کویٹہ(گدروشیا پوائنٹ/ پی آر) یونیورسٹی آف بلوچستان نے سنڈیمن صوبائی اسپتال اور ٹراما سینٹر، کوئٹہ کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصدشعبہ فزیکل تھراپیDPT کے طلباء کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس معاہدے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، سنڈیمن ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جناب ڈاکٹر عبد الہادی کاکڑ، اور ٹراما سینٹر کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے رجسٹرار جناب محمد طارق جوگیزئی، ORIC کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید مزمل بخاری، ڈی جی اسٹوڈنٹس افیئرز جناب عبد الناصر کھیازی، پروفیسر ڈاکٹر محمد ایوب، ڈاکٹر قیصر اقبال چیئرمین GSO، ڈاکٹر سمن ساجد انچارج شعبہ فزیکل تھراپی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز جناب محمد صادق سمالانی، ڈاکٹر سجاد حیدر، ڈاکٹر عمیر صدیقی، اور جناب کمال الدین خلجی بھی موجود تھے۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت، DPT کے طلباء کو آرتھوپیڈکس، نیورولوجی، پیڈیاٹرکس، اور CCU جیسے شعبہ جات میں انٹرن شپ اور ہاؤس جاب کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ طلباء کی کارکردگی کی نگرانی اور جائزہ لینے کے لیے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔ انہیں ایک محفوظ اور پیشہ ورانہ تعلیمی ماحول مہیا کیا جائے گا تاکہ ان کی موجودگی مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ بنے۔ عالمی صحت کے دنوں کی مشترکہ تقریبات اور DPT طلباء کی جانب سے منعقدہ خون کے عطیات کی مہمات میں تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انٹرن شپ کی کامیاب تکمیل پر طلباء کو سفارشاتی خطوط یا انٹرن شپ سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اس موقع پر کہا، “یہ شراکت داری ہمارے طلباء کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور تعلیمی و پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگی۔ یونیورسٹی آف بلوچستان اپنے طلباء کو معیاری تعلیم اور عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ معاہدہ اس عزم کا مظہر ہے۔ ڈاکٹر عبد الہادی کاکڑ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عملی تربیت مستقبل کے طبی ماہرین کی تیاری کے لیے ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی تربیت کو ہسپتال کی حقیقی کارروائیوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنا طلباء کی مہارت اور اعتماد کو بڑھاتا ہے۔ یہ شراکت داری بلوچستان میں صحت کی تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔