کوئٹہ(گدروشیاپوائنٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بولان میڈیکل کمپلیکس کالج کوئٹہ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کالج میں کئی ایک اہم منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا. وزیر اعلیٰ نے طلباء وطالبات کے ہاسٹلز کی تزئین و آرائش، فٹسال گراؤنڈ ، طلباء کی کالج میں انٹری سے متعلق بائیو میٹرک نظام کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کالج کی نئی لائبریری کا سنگ بنیاد رکھا اور زیر تعمیر کرکٹ گراؤنڈ کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کالج کی لیبارٹری، آڈیٹوریم، پارک، کنڑول روم اور کیفٹیریا کا بھی معائنہ کیا۔۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارے نے بہترین ڈاکٹرز پیدا کئے ہیں۔ صوبائی حکومت تمام شعبوں میں امور کی بطریق احسن روانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ طلباء اور فیکلٹی ممبران کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔ جب ہم شفافیت کو چھوڑ کر پسند نا پسند کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہیں تو امور کی بہتر انجام دہی متاثر ہوتی ہے۔ جب سے حکومت سنبھالی ہے اس وقت سے صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رہی ہے۔ کالج کی بہترین تزئین و آرائش پر صوبائی وزیر صحت اور تمام متعلقہ ادارے تحسین کے لائق ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پرنسپل بی ایم سی کالج کو آئندہ بھی مکمل مالی تعاون کی یقین دہانی کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء ، بخت محمد کاکڑ، میر شعیب احمد نوشیروانی ، میر عاصم کرد گیلو، پارلیمانی سیکرٹریز ، میر لیاقت لہڑی، زرک خان مندوخیل، میر عبید گورگیج ،اراکین اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، حاجی علی مدد جتک اور ملک نعیم خان بازئی سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کیا۔

