ڈی آئی جی کی شاباشی اور ایک کروڑ روپے کیساتھ پلاٹ دینے کا اعلان

گوادر(گدروشیا پوائنٹ:نمائندہ عبیداللہ بلوچ) ڈی آئی جی مکران پرویز عمرانی نے گوادر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار محمد خماری بلوچ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سٹی پولیس پوسٹ کو شہید محمد خماری بلوچ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہید اہلکار کے خاندان کو ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دی جائے گی، جبکہ خاندان کے ایک فرد کو محکمہ پولیس میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔ اور شہید کو اعلیٰ اعزاز سے بھی نوازا جائے گا۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ بلوچستان بھر میں ایسی بہادری کی کوئی مثال نہیں ملتی جہاں ایک پولیس اہلکار نے دہشت گردوں کو موقع پر ہی انجام تک پہنچا کر جامِ شہادت نوش کیا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوادر کو فخر ہونا چاہیے کہ اس کا بیٹا اپنے شہر کے امن کی خاطر قربان ہوگیا۔ شہید محمد خماری بلوچ نے نہ صرف پولیس کا نام روشن کیا بلکہ فورس کا مورال بھی بلند کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس فورس اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار گوادر پولیس نے بروقت دھشت گردوں کا مقابلہ کرکے انکو جہنم واصل کیا ہے۔ شہید نوجوان نے دہشت گردوں کا تعاقب کرکے ایک کو جہنم واصل جبکہ ایک کو زخمی کیا خود بھی زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوئے۔ شہید کے جنازے میں ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کی شرکت سے ثابت ہوتا ہے کہ گوادر کے لوگ امن پسند ہیں فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ گوادر سمیت مکران کی زمین دھشت گردوں کیلئے تنگ کی جائیگی۔ بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے پولیس کے بھادر سپاہی اپنے خون کا آخری قطرہ بھانے کو تیار ہیں ۔اس موقع پر ایس ایس پی گوادر ضیاءالحق مندوخیل اور ایس ڈی پی او چاکر خان بلوچ بھی موجود تھے۔