نوکنڈی (گدروشیا پوائنٹ) ریکودک مائننگ کمپنی کی جانب سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی ریلیشنز ٹیم کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ اس ورکشاپ کا مقصد افسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ، ماحولیاتی تحفظ، ایکو سسٹم کی بحالی اور کمپنی کے کمپلائنس اصولوں سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ورکشاپ کے دوران ماحولیاتی افسران اور کمپنی کے سینئر افسران نے شرکاء کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور ان سے نمٹنے کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمیونٹی ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کے منیجر، علی دوست یالانزئی نے کہا کہ ریکودک پروجیکٹ کے تحت صحت، تعلیم، ہنر مندی اور اسکالرشپ جیسے متعدد ترقیاتی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں، جن سے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے تاکہ قریبی علاقوں جیسے ہمئے، مشکیجاہ، عیسیٰ طاہر، نوکچاہ، لشکرآپ اور دوربنچہ کو دیرپا فائدہ پہنچایا جا سکے۔کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ، عیسیٰ طاہر سنجرانی نے ورکشاپ کے شرکاء کو بتایا کہ ریکودک مائننگ کمپنی ایک قومی تعلیمی ادارے کے ساتھ اشتراک کے ذریعے مقامی گریجویٹس کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کر رہی ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر امکانات پیدا ہوں گے۔ ساتھ ہی ہنر فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے سینکڑوں نوجوانوں کو فنی تربیت دی گئی ہے۔سینئر انوائرمنٹ آفیسر، تنذیل خان نے کہا کہ ریکودک مائننگ کمپنی ایک ذمہ دار ادارہ ہے جو ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات پر عمل پیرا ہے، جن میں زمین کی بحالی، شجرکاری، ڈسٹ کنٹرول سسٹمز، شور کو کم کرنے والی مشینری، اور زیر زمین پانی کے ذخائر کے تحفظ جیسے اقدامات شامل ہیں۔اس موقع پر سینئر جیالوجسٹ، بشیر احمد نے تیان بیلٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ معدنی وسائل سے مالا مال ہے، جہاں سونا، تانبا، کرومائیٹ اور لیتھیم جیسی قیمتی معدنیات وافر مقدار میں پائی جاتی ہیں، جو نہ صرف علاقائی معیشت بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ریکودک مائننگ کمپنی نے ورکشاپ کے ذریعے ایک بار پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مقامی کمیونٹی کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے اپنے اقدامات جاری رکھے گی اور مستقبل میں مزید پائیدار ترقیاتی منصوبے متعارف کروائے گی۔

