تربت (گدروشیاپوائنٹ) یونیورسٹی آف تربت میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن حکومت پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کے اشتراک سے “اسکلز ڈویلپمنٹ” کے عنوان سے پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔ یہ ورکشاپ 5 مئی سے 9 مئی 2025 تک جاری رہے گی، جس کا انعقاد تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔ ورکشاپ میں یونیورسٹی کے طلبہ اور عملہ بھرپور شرکت کر رہا ہے۔ تربیتی پروگرام کا مقصد آئی ٹی کے طلبہ اور پیشہ ور افراد کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ورکشاپ کے دوران شرکاء کو گیم ڈویلپمنٹ اور موبائل ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ کے شعبوں میں عملی تربیت دی جائے گی۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کی جانب سے معروف گیم ڈویلپر محمد آفاق یاسین شاہ اور ماہر موبائل ایپ ڈویلپر عثمان خان بطور ریسورس پرسن خدمات انجام دے رہے ہیں۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرپرسن ڈاکٹر راشد علی اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی کے ڈائریکٹر سمیر زہری نے ریسورس پرسنز کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کے انعقاد پر منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں طلبہ کی ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ اور آئی ٹی کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔ ورکشاپ شرکاء کو عصر حاضر کی آئی ٹی صنعت سے ہم آہنگ بنانے اور ان کے کیریئر میں نئی جہتوں کے در کھولنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

