ڈی سی بشیر احمد بڑیچ اور ڈی ڈی ایچ او کیچ کی صحت کے نظام میں بہتری کیلئے ضلعی سطح پر نئی حکمت عملی ترتیب

تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالراف بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی نو ماہ کی سروس کے دوران صحت کے شعبے میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بعض اہم اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ سابقہ غلط پالیسیوں کی وجہ سے دور دراز علاقوں میں ملازمین کی بے جا پوسٹنگز کی گئی ہیں، جس سے محکمہ صحت کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک دائی یا چپراسی گریڈ 1 سے 9 تک ملازمین کو ایسے علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے جو ان کے رہائشی جگہ سے کوسوں دور ہیں مثلاً مند، دشت، تمپ، پیدراک، تربت اور ہوشاب جیسے علاقے میں پوسٹنگ ہیں

ڈی ایچ او نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے ملاقات کی گئی ہے، جس کے بعد ایک نیا نظام تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اس نظام کے تحت ضلع کیچ کے تمام ہیلتھ ملازمین کی یونین کونسل کے مطابق ٹرانسفر کی جائے گی تاکہ وہ اپنی ڈیوٹی آسانی سے انجام دے سکیں اور عوام کو بہتر سروس فراہم کر سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آر ایچ سی، بی ایچ یو اور سول ڈسپنسری کے ملازمین کی علیحدہ فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جن میں ہر گریڈ کے ملازم کی پوسٹنگ کا واضح اندراج ہوگا۔ یہ فہرست ڈپٹی کمشنر، یوسی چیئرمین اور متعلقہ اسپتال کے انچارج کے ساتھ شیئر کی جائے گی۔

ڈی ایچ او نے مزید کہا کہ جب سے یہ ذمّے داری مجھے سونپی گئی ہے میری سب سے بڑی خوشی یہی ہے کہ ضلع کیچ کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کر سکوں اور ملازمین کے مسائل حل کر سکوں، کیونکہ یہ علاقہ اور یہاں کے لوگ ہمارے اپنے ہیں۔ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ میں لوگوں کی خدمت کروں اور ان کے مسائل کا حل نکالوں۔

میری تمام ملازمین سے درخواست ہے کہ یہ علاقہ اور یہاں کے لوگ ہمارے اپنے ہیں، لہٰذا ایمانداری سے عوام کو خدمت فراہم کریں۔ آپ لوگوں کے جتنے بھی مسائل ہوں گے اُن کے حل کے لیے ہم ہر وقت حاضر ہیں۔ بس ایک شرط ہے کہ اپنے کام کے ساتھ مخلص رہنا ہوگا۔ اگر تمام سہولیات فراہم کیے جانے کے باوجود کسی نے ڈیوٹی میں غفلت برتی تو مجبوراً اُس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج محکمہ صحت میں جو بھی مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں اور مسائل کے حل کی طرف جو پیش رفت ہو رہی ہے اگر ڈپٹی کمشنر کیچ، بشیر احمد بڑیچ کی مکمل حمایت نہ ہوتی تو شاید یہ تبدیلیاں نظر نہ آتیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر وقت رابطے میں رہتے ہیں اور صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہیں۔ انکے شکریہ گزار ہوں

ڈی ایچ او نے اعلان کیا کہ گریڈ 1 سے 9 تک کے ملازمین اگر کسی بھی مسئلے کا شکار ہیں تو وہ 26، 27 اور 28 اپریل کو ڈی ایچ او آفس میں حاضر ہو جائیں بعد ازاں کسی قسم کی پوسٹنگ یا ٹرانسفر نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کے بعد فائنل لسٹ جاری کر دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب من پسند جگہوں پر ٹرانسفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صرف ان ملازمین کو ان کے یونین کونسل میں تعینات کیا جائے گا جو مقامی ہوں یا جنہیں سفری و رہائشی مسائل کا سامنا ہو تاکہ وہ بہتر طریقے سے عوام کی خدمت کر سکیں۔

عوامی حلقوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کیچ اور ڈی ایچ او کیچ کے اس سنجیدہ اقدام کو سراہا جا رہا ہے اور اس امید کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ ضلع کیچ، بالخصوص دور دراز علاقوں میں صحت کے حوالے سے بہتری آئے گی