ایم این اے گوادر کم کیچ حاجی ملک شاہ کا یونیورسٹی آف گوادر کا دورہ

گوادر(گدروشیاپوائنٹ) رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) گوادر کم کیچ حاجی ملک شاہ گورگیج نے گوادر یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد اور دیگر اہم انتظامی حکام سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران حاجی ملک شاہ نے یونیورسٹی کی قیادت سے تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وائس چانسلر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور یونیورسٹی کی کامیابیوں، چیلنجز اور منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مزید برآں ایم این اے کو یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔ بعد ازاں حاجی ملک شاہ گورگیج نے یونیورسٹی آف گوادر کے زیر اہتمام بزنس اینڈ کلچرل گالا کی تقسیم انعامات کی تقریب کی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فیکلٹی ممبران، طلباء اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے فنی اور کاروباری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین میر ہوتمان اور دیگر بلدیاتی نمائندے بھی دورے کے دوران ایم این اے کے ہمراہ تھے۔ تقریب کے اختتام پر بزنس اینڈ کلچرل گالا کے شرکاء میں سووینئرز تقسیم کیے گئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے مہمان خصوصی حاجی ملک شاہ گورگیج اور دیگر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔