وندر میں ریلی نکالنے پر شرکاء کی خلاف ایف آئی آر درج، ایف آئی آر میں نامزد خاتون کا مظاہرے میں موجودگی سے لاعلمی کا اظہار

وندر (گدروشیاپوائنٹ) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے وندر میں نکالی گئی ریلی کے شرکا کے خلاف وندر پولیس تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں بی وائی سی کی رہنماؤں فوزیہ بلوچ، سیما بلوچ، زبیر بلوچ، بالاچ بلوچ، صنوبر، وہاب بلوچ، امام زہری، یعقوب جان محمد، حبیب الرحمٰن، آمنہ، دودا، ظفر بلوچ، غفار بلوچ، ساجد بلوچ، صاحبہ بلوچ، ثانیہ بلوچ، ناز بلوچ، نثار بلوچ اور فضل بلوچ سمیت دیگر نامعلوم مرد اور خواتین کے نام شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں نامزد صنوبر بلوچ نے گدروشیا پوائنٹ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وندر میں بی وائی سی کی جانب سے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت مرکزی رہنماؤں کی گرفتاری کیخلاف پُرامن ریلی نکالی گئی تھی ریلی اور مظاہرے میں، میں خود موجود نہیں تھا پولیس نے میرا نام بھی ایف آئی آر میں شامل کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرامن ریلی نکالنا بھی اس ملک میں جرم ہے۔ اس سے قبل بھی بلا وجہ میرا نام ایف آئی آر میں شامل کیا گیا تھا لیکن ہم اس طرح کے ایف آئی آر سے ڈر کر جہد حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مجھ سمیت تمام نامزد افراد کی خلاف درج ایف آئی آر کو واپس لیا جائے۔