خاران(گدروشیا پوائنٹ/سعید احمد ملنگزئی) بلوچ یکجہتی کمیٹی کی مرکزی کال پر گزشتہ روز خاران میں پرامن احتجاجی ریلی نکالنے پرشرکاء کی خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ واضح رہے کہ یہ ریلی بی وائی سی کی مرکزی رہنماؤں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ساتھیوں سبغت اللہ شاہ جی، بیبو بلوچ، بیبگر بلوچ، گلزادی بلوچ کی گرفتاری کیخلاف نواب اکبر خان بگٹی شہید اسٹیڈیم خاران سے نکالی گئی۔ ریلی نکالنے پر بلوچ یکجہتی کمیٹی خاران زون، مختلف سیاسی، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور طلباء سمیت 60 کے قریب افراد پر دفعہ 144 کے خلاف ورزی پرخاران پولیس کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کیا گیا۔ خاران کے سیاسی وسماجی حلقوں نے ریلی نکالنے پر ایف آئی آر درج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے آئین و قانون کے مطابق ہر شہری کا حق ہے۔ پرامن احتجاجی ریلی و مظاہرہ کسی بھی قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ایف آئی آر کو واپس لیا جائے۔

