ڈی سی بشیراحمد بڑیچ کی سربراہی میں سبزی منڈی کی نئی جگہ منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی سربراہی میں سبزی منڈی کی نئی جگہ منتقلی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، ایس پی راشید زہری بلوچ، چیف آفیسر شعیب ناصر، سبزی مارکیٹ کے صدر یونس بلوچ اور دیگر دوکاندار شریک تھے۔ اجلاس کے دوران سبزی فروشوں نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ 2021 میں بھی سبزی مارکیٹ کو غلام نبی پمپ کے قریب منتقل کیا گیا تھا، مگر وہ کامیاب نہ ہو سکی۔ اُن کا کہنا تھا کہ نئی جگہ شہر سے دور ہے، جس کی وجہ سے گاہک کم آئیں گے اور کاروبار متاثر ہوگا۔ دوکانداروں نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ اگر وہ اپنی دکانیں خالی کریں تو پرانی مارکیٹ میں دیگر لوگ کاروبار شروع کر سکتے ہیں، جو اُن کے نقصان کا باعث بنے گا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے واضح اور پُرعزم انداز میں کہا کہ سبزی مارکیٹ کو ہر صورت موجودہ تربت بازار سے منتقل کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ تربت کی آبادی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور بڑے شہروں کی طرح یہاں بھی ہر کاروبار کے لیے علیحدہ مارکیٹ ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی سبزی مارکیٹ میں صاف ستھرا ماحول، مناسب قیمتوں پر سبزیاں دستیاب ہوں گی، اور روزانہ کی بنیاد پر ضلعی انتظامیہ معیار اور نرخوں کی نگرانی کرے گی۔ اس اقدام سے نہ صرف شہر کے ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے بلکہ تربت کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے دوکانداروں کو یقین دلایا کہ پرانے بازار میں سبزی کا کوئی ریڑھی یا ٹھیلا نہیں لگنے دیا جائے گا تاکہ تمام شہری نئی مارکیٹ سے ہی خریداری کریں اور کسی کا کاروبار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر کو ہدایت دی کہ 16 اپریل تک تمام دکانوں کی نمبرنگ اور الاٹمنٹ مکمل کی جائے، جبکہ 24 اپریل تک سبزی منڈی مکمل طور پر نئی جگہ منتقل کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ وہ خود 28 اپریل کو نئی سبزی مارکیٹ کا دورہ کریں گے اور تمام انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ جب بھی کوئی فیصلہ کرتی ہے تو اُس پر قائم رہتی ہے اور کسی بھی دباؤ میں نہیں آتی۔ یہ 2021 کی ڈپٹی کمشنر نہیں ہے بلکہ 2025 کی ڈپٹی کمشنر ہے یہ فیصلہ ثابت کرے گا مارکیٹ کامیاب ہوگا۔ آخر میں انہوں نے دوکانداروں سے اپیل کی کہ وہ آج سے ہی اپنی دکانیں بک کروائیں اور منتقلی کی تیاری شروع کریں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کے عملی اقدامات اور عوامی مفاد میں کیے گئے فیصلے قابلِ تعریف ہیں، جو تربت کو ایک بہتر، منظم اور صاف شہر بنانے کی طرف اہم قدم ہیں۔