تربت(گدروشیا پوائنٹ) میونسپل کارپوریشن تربت کے میئر بلخ شیر قاضی کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس انکے دفتر میں منعقد کیا گیا جس میں شہر کے ڈپو مالکان اور تیل کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لیے حفاظتی اقدامات اور رجسٹریشن کے حوالے سے واضح ہدایات اور سخت فیصلے کیے گئے۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تربت، محمد جان بلوچ، ڈپٹی میئر، نثار احمد چیف آفیسر شعیب ناصر، ایس ایچ او تربت روشن بلوچ، انجمن تاجران کے نمائندہ اسحاق روشن اور سمیت شہر بھر کے ڈپو مالکان اور تیل کے دکاندار بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ میئر تربت بلخ شیر قاضی نے خطاب میں کہا کہ شہر میں آگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیل کے کاروبار سے منسلک تمام دکانداروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی دکانوں میں آگ بجھانے والے آلات (Fire Extinguishers) نصب کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں پر جرمانے اور ممکنہ قانونی کارروائی کا ازالہ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں میئر نے تمام ڈپو مالکان اور تیل کے کاروبار سے وابستہ افراد کو میونسپل کارپوریشن تربت میں اپنی دکانوں کی رجسٹریشن کرانے کی ہدایت بھی دی۔ بغیر رجسٹریشن کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں تاجروں نے اپنے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے حکام سے تعاون کی امید ظاہر کی اور یقین دلایا کہ وہ حفاظتی اقدامات اور رجسٹریشن کے عمل میں بھرپور تعاون کریں گے۔ میئر بلخ شیر قاضی نے مزید زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

