تربت(گدروشیا پوائنٹ) مند سول سوسائٹی اور یونین کونسل کے چیئرمینز کے ایک وفد حاجی نور احمد رند اور حاجی حنیف رند کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ سے انکے دفتر تربت میں اہم ملاقات کی۔ وفد میں نیاز کیازئی، شاہو رند، طارق رسول بخش، عبداللہ میر، فتح رند، حاجی فہد رند، حاجی نصیر رند، نوید کیپٹن، فدا احمد اور دیگر افراد شامل تھے۔ ملاقات میں مند میں جاری بجلی کی شدید لوڈ شیڈنگ، سڑکوں کی خستہ حالی، ٹرانسپورٹ کے مسائل اور دیگر عوامی مشکلات سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا گیا۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ کو بتایا کہ علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی مفلوج کر دی ہے۔ دن میں صرف ایک گھنٹہ اور شام کو چار گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ شدید گرمی میں یہ صورتحال ناقابل برداشت ہوچکی ہے، جس کے باعث صاف پانی کی فراہمی، روزمرہ زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ چوبیس گھنٹوں میں صرف پانچ گھنٹے بجلی کی فراہمی اور باقی انیس گھنٹے لوڈ شیڈنگ سراسر ناانصافی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے وفد کے تحفظات غور سے سننے کے بعد کہا کہ انہیں عوامی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ گزشتہ 25 برسوں میں اس علاقے کے لیے کوئی مؤثر نظام نہیں بنایا گیا۔ انہوں نے مسئلے کے دیرپا حل کے لیے تجویز پیش کی کہ ہر گھر میں بجلی کا میٹر نصب کیا جائے، بلوں کی باقاعدہ ادائیگی کی جائے، اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کیسکو سے تعاون کریں تو وہ یقین دلاتے ہیں کہ لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ وفد نے تربت تا مند اور خصوصاً مند تا تمپ سڑک کی خستہ حالی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا، جو اب سفر کے قابل نہیں رہی۔ اس صورتحال کے باعث عوام کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عارضی مرمت کے لیے ٹریکٹر فراہم کیا جائے۔ اس پر ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کارپوریشن تمپ کے چیف آفیسر کہدہ امداد بگٹی کو ہدایت دی کہ فوری طور پر سڑک کی مرمت کا کام شروع کیا جائے۔ وفد نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے زبردستی سامان لے جانے، سڑکیں بند کرنے اور تلار میں گاڑیوں کو ایک دن تک روکنے کی شکایات بھی پیش کیں، جس سے خواتین، بچے، بزرگ اور بیمار افراد شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ متعلقہ اداروں سے بات کر کے اس مسئلے کو حل کریں گے۔ آخر میں وفد نے مطالبہ کیا کہ مند کے عوام کو لوکل سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے 120 کلومیٹر دور تربت آنا پڑتا ہے، جو عوام کے لیے اذیت ناک بن چکا ہے۔ اس کا فوری حل نکالا جائے تاکہ مند کے لوگوں کو اپنے علاقے میں یہ سہولت میسر ہو۔ ڈپٹی کمشنر کیچ نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور عوامی سہولت ان کی اولین ترجیح ہے۔ وفد نے ڈپٹی کمشنر کے مثالی رسپانس اور یقین دہانی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے گا۔

