ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے یتیم طلباء میں اسکول بیگز تقسیم

تربت(گدروشیا پوائنٹ) فلاحی ادارہ ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول بہمن میں زیر تعلیم یتیم طلباء میں اسکول بیگز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ہیڈماسٹر عبدالستار بلوچ اور ادارے کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر عدنان بلوچ نے تقریب میں شرکت کی۔ پروگرام کے دوران عدنان بلوچ نے کہا کہ ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے ہر سال یتیم بچوں کو اسکول بیگز فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ عید کے موقع پر کپڑے اور جوتے بھی دیے جاتے ہیں تاکہ وہ خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔ دریں اثناء عدنان بلوچ نے طلباء کو ایک ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم کو ایک سائیکل اور 40 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، دوسری پوزیشن پر تین موبائل فونز اور تیسری پوزیشن کے لیے اسپورٹس کٹ بطور انعام دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہیلپنگ ہینڈ کے تحت یوسی گوکدان اور یوسی کوشقلات کے دو سو یتیم بچوں کو تعلیمی و عید کے اخراجات کی مد میں معاونت فراہم کی جاتی ہے، جب کہ ان کی والدہ کو باقاعدہ راشن بھی مہیا کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہیڈماسٹر عبدالستار بلوچ نے کہاکہ یہ ہمارے معاشرے کے معصوم پھول ہیں جن کے سروں سے والد کا سایہ اُٹھ چکا ہے۔ یتیم بچوں کی فلاح و تعلیم صرف ان کا حق ہی نہیں بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں ہیلپنگ ہینڈ جیسے فلاحی ادارے نہایت خاموشی مگر مؤثر انداز میں یہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ اسکول بیگز کی تقسیم ہو، عید پر نئے کپڑے ہوں یا تعلیمی اخراجات، یہ سب وہ اقدامات ہیں جو ان بچوں کے دلوں میں خوشی، حوصلہ اور اعتماد پیدا کرتے ہیں۔ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر عدنان بلوچ کی محنت اور کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو ایک یتیم بچے کو محرومی سے نکال کر معاشرے کا باعزت فرد بنا سکتی ہے۔ اگر ہم سب مل کر ایسے بچوں کی تعلیم و تربیت میں اپنا حصہ ڈالیں تو یقین جانیے، ہم نہ صرف ان کی زندگی بدل سکتے ہیں بلکہ پوری قوم کا مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ انہوں نے ہیلپنگ ہینڈ اور اُن تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو ان بچوں کی امید بنے ہوئے ہیں۔ آخر میں عدنان بلوچ نے تعاون کرنے پر ہیڈماسٹر کا شکریہ ادا کیا