تربت (گدروشیاپوائنٹ) گزشتہ رات نامعلوم چوروں نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کوشقلات میں اسکول کے قیمتی سولر سسٹم پر ہاتھ صاف کر دیا۔ اسکول انتظامیہ کے مطابق چور 300 واٹ کا سولر پینل، انورٹر، بیٹری اور دیگر متعلقہ سامان چوری کرکے فرار ہوگئے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ کوشقلات کے علاقے میں چوری کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی اداروں بلکہ مقامی آبادی کے لیے بھی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے کہا کہ سولر سسٹم اسکول کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے نصب کیا گیا تھا، اور اس کی چوری سے تعلیمی سرگرمیوں پر منفی اثر پڑے گا۔ مقامی افراد نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اسکول کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے اور اس سے طلبا کا مستقبل داؤ پر لگ رہا ہے۔

