پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے جامعہ تربت کے تیسرے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھال لیا

تربت(گدروشیاپوائنٹ)جامعہ تربت کے تیسرے وائس چانسلر کی حیثیت سے پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ڈاکٹر گل حسن تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی میدان میں 34 سال سے زائد کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، جس میں انہوں نے ملکی و غیرملکی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل)، اسلام آباد سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے روس کی کوبان اسٹیٹ یونیورسٹی سے قانون کے شعبے میں ایل ایل ایم اور ایل ایل بی، جبکہ بلوچستان یونیورسٹی، کوئٹہ سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ تعلیمی شعبے میں ان کی نمایاں خدمات میں لسبیلہ یونیورسٹی، اوتھل میں وائس چانسلر، پرو وائس چانسلر، اور ڈین کے عہدے شامل ہیں۔ انہوں نے نمل یونیورسٹی اور جامعہ تربت میں تدریس اور اہم انتظامی عہدوں پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ اسلام آباد میں ایک اسٹریٹجک ادارے کے شعبہ انتظامیہ کے سربراہ اور ملٹی نیشنل کمپنی کے ایگزیکٹو عہدوں پر بھی کام کر چکے ہیں۔ ڈاکٹر گل حسن کے تحقیقی کام کو بھی بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔ ان کے تقریباً 50 تحقیقی مقالے ملکی و غیرملکی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں، جبکہ وہ متعدد کانفرنسز میں اپنے ریسرچ پیپرز پیش کر چکے ہیں۔ وہ یورپین کمیشن کی ریسرچ گرانٹ کے تحت کئی تحقیقی منصوبے مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی مختلف کمیٹیوں کے فعال رکن اور کنوینر بھی رہے ہیں، جہاں انہوں نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں معیار اور گورننس کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر گل حسن نے جامعہ تربت کے لاء فیکلٹی کے قیام اور پنجگور و گوادر کیمپسز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، جو اب مکران یونیورسٹی اور گوادر یونیورسٹی بن چکے ہیں۔ وہ مختلف ممالک کے سربراہان اور غیرملکی وفود کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں اور 15 سے زائد ممالک کا دورہ کر چکے ہیں۔ اپنے وسیع تجربے اور علمی بصیرت کے ساتھ، ڈاکٹر گل حسن جامعہ تربت کو معیاری تعلیم و تحقیق کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ یونیورسٹی کمیونٹی ان کے وژن اور قیادت کے ساتھ ایک روشن مستقبل کی امید رکھتی ہے۔