کم عمر ڈرائیورز کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن، والدین کو سخت وارننگ

تربت (گدروشیاپوائنٹ) تربت ڈسٹرکٹ پولیس کی جانب سے کم عمر لڑکوں کے شام کے وقت موٹر سائیکل اور کار چلانے کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس رجحان کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس پر ایس ایس پی کیچ راشد الرحمان زہری نے نوٹس لیتے ہوئے والدین سے سخت اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت ہر گز نہ دیں۔ ایس ایس پی کیچ نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی والدین اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی اجازت دیتے ہیں تو پولیس سخت ایکشن لے گی۔ ایسے کیسز میں نہ صرف موٹر سائیکل یا گاڑی ضبط کی جائے گی بلکہ والدین کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق، ان اقدامات کا مقصد عوام کی حفاظت یقینی بنانا اور حادثات کی روک تھام ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنے بچوں کو محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت سے آگاہ کریں تاکہ تربت میں ایک محفوظ اور منظم ٹریفک نظام قائم ہو سکے۔