تربت (گدروشیا پوائنٹ) دشت مکسر کے رہائشی لیاقت علی کے اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز لیاقت علی کو سیکیورٹی فورسز نے پوچھ گچھ کی خاطر اپنے کیمپ طلب کیا اور ان کی رہائی کی یقین دہانی کرائی مگر دو دن گزرنے کے باوجود ان کی رہائی ممکن نہیں ہوئی ہے جو افسوس اور خاندان کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ لیاقت علی محکمہ صحت کا فرض شناس ملازم اور ایک زمہ دار شہری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی کو کیمپ بلاکر ہمیں یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ان سے صرف معمول کی پوچھ تاچھ کی جائے گی اور انہیں چھوڑ دیا جائے گا کیوں کہ لیاقت علی ایک بے گناہ شہری اور محکمہ صحت کا ملازم ہے اس سے پہلے نا ان سے کوئی جرم سرزد ہوا اور ناہی مشکوک سرگرمیوں میں وہ کبھی ملوث رہا ہے ان کی شرافت اور بے گناہی کا پورا علاقہ گواہ ہے وہ محکمہ صحت کے ایک فرض شناس ملازم ہیں جو ہمیشہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہتے ہیں۔ اہل خانہ نے مذید کہا کہ یقین دہانی کے باوجود لیاقت علی کی رہائی میں بلاوجہ کی تاخیر سے خاندان پریشان اور تشویش میں مبتلا ہے ہم سیکیورٹی فورسز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بے گناہ شہری لیاقت علی کو رہا کریں تاکہ ہماری پریشانی اور تشویش ختم ہوں۔

