اسٹار پلس گلی میں روزانہ بدترین ٹریفک جام، شہریوں کو سوداسلف اور مریضوں کو اسپتال جانے کیلئے شدید مشکلات کا سامنارہتا ہے

تربت (گدروشیا پوائنٹ) اسٹار پلس گلی میں شدید ٹریفک جام نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ گلی کے دونوں اطراف پارک کی گئی موٹر سائیکلوں اور غیر قانونی طور پر کھڑی بولان گاڑیوں نے سڑک کو تنگ کر دیا ہے، جس سے یہاں پیدل چلنے والوں اور خریداری کرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں اور خریداروں کا کہنا ہے کہ وہ معمولی سوداسلف خریدنے کے لیے بھی شدید مشکل سے گزرتے ہیں کیونکہ گلی میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بے ترتیب انداز میں کھڑی ہوتی ہیں۔ اس صورتحال سے نہ صرف رش میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

شہریوں نے میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے پر توجہ دیں اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر گلی کو صاف کیا جائے تو ان کی خریداری کیلئے آمد و رفت کیساتھ پی ٹی سی ایل آفس اور آگے اسپتال آنے جانے کیلئے شہریوں کیلئے آسان ہو جائے گی اور شہریوں کی زندگی میں کچھ سکون آ سکے گا۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس پی کیچ اور میئر میونسپل کارپوریشن، اسٹار پلس گلی مارکیٹس کیلئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے پرانا سول اسپتال ایریا یا قریب ہی کئیں پارکنگ جگہ مختص کیا جائے تاکہ گاہک سمیت شہریوں کو مشکلات سے نجات مل سکے۔