علامہ اقبال ڈے کی مناسبت سے بوائز ہال سکول شاپک میں تقریب منعقد

تربت (گدروشیاپوائنٹ) گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شاپک میں علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے حوالے سے پروگرام منعقد کیا گیا، جس کی صدارت ہیڈ ماسٹر محمد اسلم نے کی۔ اسٹیج کے فرائض جماعت نہم کے طلبہ ندا ندیم اور حازرہ یونس نے بخوبی انجام دیے۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت جماعت دہم کے طالب علم صدیق رحیم نے حاصل کی۔ اس پروگرام میں مختلف کلاسز کے طلبہ نے نعت، حمد، اقبال کی زندگی، شاعری، فلسفہ اور پاکستان کی آزادی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب پاکستان کی آزادی اور ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا، جہاں مسلمان اپنی دینی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق آزادانہ زندگی گزار سکیں۔ اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے ایک ایسے معاشرے کا تصور پیش کیا، جو اسلامی اصولوں پر مبنی ہو اور جہاں مسلمانوں کو نہ صرف مذہبی بلکہ معاشرتی، سیاسی اور معاشی آزادی حاصل ہو۔
یہی خواب پاکستان کی صورت میں حقیقت بن کر سامنے آیا، جب قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانانِ ہند نے جدوجہد کرکے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ اس طرح اقبال کا خواب پاکستان کی شکل میں دنیا کے نقشے پر ابھرا، اور آج بھی یہ خواب پاکستانی قوم کے لیے ایک عزم اور امید کی علامت ہے۔ آخر میں انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف کلاسز کے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے