تربت یونیورسٹی کےشعبہ اکنامکس اور آفس آف ریسرچ، او آر آئی سی کے مشترکہ تعاون سے لیکچر سیشن منعقد

تربت (گدروشیاپوائنٹ) تربت یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس اور آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن ( او آر آئی سی) کے مشترکہ تعاون سے یونیورسٹی کے ویڈیو کانفرنس روم میں لیکچر سیشن منعقد ہوا۔ سیشن کا عنوان تھا ‘سوفٹ ویئر ای ویوز کا استعمال کرتے ہوئے مقداری ڈیٹا کاتجزیہ کرنا ۔ سیشن میں محققین ، یونیورسٹی کے اساتذہ کرام اور افسران کے علاوہ طلباء وطالبات نے شرکت کی۔شعبہ اکنامکس کے فیکلٹی ممبر اور سیشن کے ریسورس پرسن ڈاکٹر محمد یعقوب نے ای ویوز (اکنومیٹرک ویوز) پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ای ویوز ایک ایساسافٹ ویئر ہے جسے ماہرین اقتصادیات اورمحققین مختلف ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے لئے وسیع پیمانے پر استعمال کرتے ہیں۔ نوجوان اسکالر ڈاکٹر محمد یعقوب حال ہی میں ملائیشیا کی یونیورسٹی آف پترا سے پی ایچ ڈی کی ڈگری مکمل کرچکے ہیں ۔اپنے استقبالیہ خطاب میں ORIC کے ڈائریکٹر ڈاکٹرفدا احمد نے سیشن کے کامیاب انعقاد کے لئے تعاون کرنے پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، فیکلٹی ممبران، شرکاء، میڈیا اور آئی ٹی ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔ڈاکٹر فدا احمد حال ہی میں یونیورسٹی آف دی ویسٹ آف سکاٹ لینڈ ، گلاسکو یوکے سے پی ایچ کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں۔انہوں نے بطور ڈائریکٹر ORICاپنے وژن اور مستقبل کے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر جان محمد کی سرپرستی میں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ ایسے موضوعات پر سیشنزاورورکشاپس منعقد کیے جائیں گے جس سے فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں ۔ تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کاسیشن ہوا.