سابق ڈپٹی کمشنر پنجگور شہید ذاکر کنر کی یاد میں کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان

تربت(گدروشیا پوائنٹ)کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر، بلوچستان سے پی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبر، ڈائمنڈ کرکٹ کلب آبسر کے صدر مراد اسماعیل نے ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے زیراہتمام سابق ڈپٹی کمشنر پنجگور شہید ذاکر کنر کی یاد میں ضلع کیچ کی سطح پر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا اعلان کردیا، ٹورنامنٹ میں کیچ کی 30رجسٹرڈ ٹیموں کے علاوہ تمام یوتھ کلبوں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک اعزازی ٹیم بھی حصہ لے گی، یہ ٹیم شہید ذاکر کنر کے نام سے منسوب ہوگی، ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روزتربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ٹیم کے خازن عبدالواحد، کیپٹن کے بی اور سنیئر کھلاڑی محمد نعیم بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے صدر مراد اسماعیل نے کہاکہ ضلعی سطح پر کھیلے جانے والا یہ ٹورنامنٹ دیگر ٹورنامنٹس سے مختلف ہوگا، عام طورپر ٹورنامنٹس میں کلب ٹیمیں کھیلتی ہیں مگر اس ٹورنامنٹ میں ضلع کیچ کی یوتھ ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ایک اعزازی کلب بھی شامل ہوگی، یہ اعزازی کلب شہید ذاکرکنر کے نام سے منسوب ہوگی، یوتھ ٹیم کے کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے ٹرائل 10نومبر کو ڈائمنڈ کرکٹ کلب آبسر کے گراؤنڈ میں ہوں گے، یہ ٹرائل ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن، کوئٹہ ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن اور ڈائمنڈ کرکٹ کلب کے ایک ایک نمائندہ کی نگرانی میں ہوں گے، اس کے علاوہ اس ٹورنامنٹ کے میچوں کے دوران تماشائیوں کیلئے بھی انعامات رکھے جائیں گے جبکہ میچوں کے مین آف دی میچ ودیگر انعامات بھی ہیں، انہوں نے کہاکہ اس ٹورنامنٹ کے بعد ہماری کوشش ہوگی کہ اسکالر شپ کے طرز پر اس ٹورنامنٹ میں بہترین کھیل کامظاہرہ کرنے والے انڈر19کھلاڑیوں کو کوئٹہ لیجا کر وہاں کیمپ منعقد کئے جائیں تاکہ وہاں ان کھلاڑیوں کو کوچز کی نگرانی میں اپنی صلاحیتوں کومزید نکھارنے کاموقع مل سکے ہمیں امید ہے کہ اس کیمپ سے اچھے کھلاڑی سامنے آئیں گے، شہید ذاکر کنر ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور احمد بلیدی اور ڈی سی کیچ اسماعیل ابراہیم نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے.