تربت(گدروشیا پوائنٹ)وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کی خصوصی ہدایت پر مکران میڈیکل کالج تربت میں تعلیمی و انتظامی امور کی بہتری اور مسائل کا جائزہ لینے کے لئے ایک تحقیقاتی کمیٹی نے دورہ کیا۔ اس کمیٹی کا مقصد کالج کے تعلیمی معیار کو جانچنا اور موجودہ سہولیات و مسائل کو دیکھنا تھا۔ اس دورے میں ایڈیشنل سیکریٹری صحت رزاق ساسولی، بیلتھ منجمنٹ انفارمیشن سسٹم بلوچستان کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ابابگر بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ اسماعیل ابراہیم شامل تھے۔ کمیٹی نے کالج کے مختلف شعبہ جات، کلاس رومز، لیبز اور دیگر تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا، اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں، اور ان کی تجاویز و مسائل کو بغور سنا۔ اساتذہ نے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے تجاویز دیں، جبکہ طلبہ نے لیبز، لائبریری اور بنیادی سہولیات میں بہتری کی درخواست کی۔وزیر صحت بلوچستان کی ہدایت کے مطابق، کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے، جو صوبائی وزیر صحت کو پیش کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد میڈیکل تعلیم کے معیار میں بہتری، ادارے کے انتظامی امور کو مضبوط بنانا اور طلبہ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ یہ دورہ بلوچستان میں میڈیکل تعلیم کے فروغ کے لئے حکومت کی سنجیدہ کوششوں کا مظہر ہے۔

