تربت(گدروشیاپوائنٹ)وزیر اعلی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی , وزیر صحت بلوچستان ڈاکٹر امیر محمد جوگیزئی ، سیکریٹری صحت بلوچستان عبداللہ خان کی خصوصی ہدایت پر ٹیچنگ ہسپتال تربت میں باقاعدہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے ۔
ٹیچنگ ہسپتال تربت میں کارڈ کا باقاعدہ آغاز ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر خالد بلوچ ، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر ابابگر بلوچ ، پی ایم اے کیچ کے صدر ڈاکٹر میران دشتی ، میڈیکل ڈائریکٹر ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر مصباح منیر ، میڈیسن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر ظفر بلوچ ، آرتھوپیڈک ڈیپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر واحد بلوچ ، ای این ٹی شعبہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز بلوچ ، برن وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر علی احمد ، اسٹیٹ لائف مکران کے سربراہ ڈاکٹر الطاف بلوچ سمیت ہسپتال کے دیگر افسران نے سافٹ ویئر کا بٹن سے کیا۔
ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر خالد بلوچ نے کہا کہ ہسپتال میں او پی ڈی کے علاوہ تمام آپریشن اور ایمرجنسی بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام میں مکمل کور ہونگے ۔
ڈاکٹر خالد بلوچ نے کہا کہ آپکا شناختی کارڈ ہی آپ کا ہیلتھ کارڈ ہے جبکہ بچوں کے لئیے نادرہ سے بی فارم ضرور ساتھ لائیں ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی وقت ہسپتال میں آنا ہو اپنا شناختی کارڈ اور بی فارم ضرور ساتھ لائیں ۔
ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر ابابگر بلوچ نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے پورے بلوچستان کے لوگوں کو اس پروگرام میں شامل کیا ہے جبکہ کارڈ کا مقصد لوگوں کو صحت کے مسائل پر غربت سے بچانا ہے ۔
ڈی ایچ او نے کہا کہ اب تک 800سے زائد ضلع کیچ کے لوگوں نے کارڈ سے اپنا علاج کروایا ہے جبکہ یہ سہولت ملک بھر کے 1200ہسپتالوں میں حاصل ہے ۔
ڈی ایچ او اور ایم ایس نے کہا کہ گزشتہ روز فوکل پرسن بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام اور چیئرمین بلوچستان ریوینیو اتھارٹی نورالحق بلوچ نے وزیر اعلی بلوچستان کی طرف سے احکامات دئیے تھے اور ان کے احکامات پر فوری کارڈ پروگرام کا اجرا عمل میں لایا گیا ہے۔

