خاران : بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر مبینہ بلوچ نسل کشی اور مطالبات کے حق میں خاران میں شٹرڈاؤن ہڑتال

خاران(نمائندگان گدروشیاپوائنٹ)بلوچ یکجہتی کمیٹی کی کال پر ماورائےعدالت قتل، جبری گمشدگیوں، جھوٹی ایف آئی آر واپس نہ لینے، وفاقی حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ کی غیر سنجیدگی اور بلوچستان کے پرامن مظاہرین کو ہراساں کرنے کیخلاف خاران شہر سمیت رخشان ڈویژن کے مختلف شہروں میں احتجاجاً شٹرڈاون ہڑتال رہی ہے۔ خاران، بازار کے ساتھ واشک، نوکنڈی، ناگ، دالبندین، نوشکی، تفتان اور دیگر علاقوں میں بھی مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی ہے ہڑتال کے باعث خاران شہر سمیت رخشان ڈویژن کے تمام چھوٹے و بڑے کاروباری مراکز بند رہے اور شہریوں کو روزمرہ اشیاء خورد نوش کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا رہا اور ٹریفک معمول سے کم رہی۔ جبکہ رخشان ڈویژن کے مختلف شہروں میں شٹرڈاون ہڑتال کی حمایت مختلف سیاسی جماعتوں کے مقامی رہنماوں نے بھی کی ہے۔