تربت: کیچ کلچر اینڈ میوزیم کمپلیکس میں چار روزہ خصوصی آرٹ ورکشاپ کا افتتاح

تربت(گدروشیاپوائنٹ)ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز اور محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان کے زیرِ اہتمام کیچ کلچر اینڈ میوزیم کمپلیکس تربت میں چار روزہ خصوصی آرٹ ورکشاپ کا افتتاح کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی پیپلز پارٹی کے رہنما صوبائی مشیر نوجوانان و کھیل بلوچستان مینا مجید بلوچ نے فیتا کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی میر ظہور احمد بلیدی، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری انرجی میر اصغر رند، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس الیاس شاد ، حاجی زاہد رند، میڈم مہناز شبیر اور دیگر سیاسی وسماجی شخصیات اور آرٹسٹ موجود تھے۔ اس موقع پر کیچ میوزیم و کلچر کمپلیکس کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایاز ہاشم بزنجو، سینئر آرٹ ٹیچر زباد بلوچ نے صوبائی وزراء کو بریف کیا کہ یہ منفرد ثقافتی ورکشاپ معروف شاعر و ادیب عطا شاد کے لازوال ادبی کام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مکران کی قدیم تاریخ، ثقافتی ورثے اور آثارِ قدیمہ کی جامع جھلک پیش کرنے کیلئے ترتیب دی گئی ہے ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو اپنی تہذیبی جڑوں سے جوڑنا اور تخلیقی اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تقریب کے تحت آرٹ ورکشاپ اور وال پینٹنگ 19 سے 21 جنوری تک جاری رہیں گی جبکہ آرٹ نمائش 22 جنوری کو منعقد کی جائے گی. افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ نوجوانوں میں فنونِ لطیفہ کے فروغ اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں نہایت اہم ہیں، اور حکومت آئندہ بھی ایسے مثبت اور تعمیری پروگراموں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ اس موقع پر آرٹ ٹیچر زبّاد بلوچ نے نمائش کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ کے ذریعے طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین پلیٹ فارم ملا ہے۔ شرکاء طلبہ نے کہا کہ یہ ایک بہترین اقدام ہے، اور اس طرح کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ نوجوان آرٹسٹس اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور فن کے میدان میں آگے بڑھ سکیں۔