تربت(گدروشیا پوائنٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی حاجی ملک شاہ گورگیج نے مکران میڈیکل کالج کا تفصیلی دورہ کیا اور ادارے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت کے لیے کیتھ لیب، ایمبولینس فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ ویلفیئر کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے پی پی ایل کے ذریعے انڈواسکوپی مشین بھی ٹیچنگ ہسپتال کو دلائی گئی ہے جس سے نہ صرف مریضوں کو جدید طبی سہولیات میسر آئیں گی بلکہ میڈیکل طلباء کو عملی تربیت کے بہتر مواقع بھی حاصل ہوں گے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ مکران میڈیکل کالج کے فیکلٹی ممبران کی تنخواہوں کا دیرینہ مسئلہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کے متوقع دورہ تربت کے دوران ان کے سامنے بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا تاکہ اس کا فوری اور مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔
ایم این اے حاجی ملک شاہ گورگیج نے مزید کہا کہ کالج کے طلباء و طالبات کے لیے کراچی کے بڑے تدریسی ہسپتالوں کے اسٹڈی ٹور کے لیے خصوصی فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل لائبریری کے قیام اور موجودہ لائبریری کی سولرائزیشن کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ طلباء کو بلا تعطل تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کالج کی لائبریری، مختلف شعبہ جات کی لیبارٹریوں، کلاس رومز اور دیگر تدریسی ڈیپارٹمنٹس کا معائنہ کیا اور طلباء و طالبات اور فیکلٹی ممبران سے ملاقاتیں بھی کیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور میڈیکل کالج ایسے ادارے ہیں جہاں سے مستقبل کے مسیحا تیار ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ترقی اور استحکام انتہائی ضروری ہے۔
کالج پہنچنے پر پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق اور وائس پرنسپل ڈاکٹر عادل ودیگر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں کالج میں جاری تدریسی سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور سہولیات کی کمی سے تفصیلاً آگاہ کیا۔
دورے کے دوران ڈسٹرکٹ کونسل کیچ کے چیئرمین میر ہوتمان بلوچ، میر یاسر گورگیج، ماجد حسین بلوچ، صادق تاجر، خلیل الفت، منظور احمد بلوچ، حمل میر، حاجی منصور احمد، بلوچ خان سنگھور اور دیگر معززین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

