تربت(گدروشیا پوائنٹ)کولواہ ڈنڈار سے تعلق رکھنے والے نیشنل پارٹی کے متعدد کارکنان نے نیشنل پارٹی سے استعفیٰ دے کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ شمولیت اختیار کرنے والوں میں جاوید ولد ملا مرادبخش، رفیق بدل، امجد سونار، علی جان، ظریف، خیرمحمد، عالم درا، محراب بجار اور دیگر شامل ہیں۔ نئے شامل ہونے والے کارکنان نے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس حوالے سے بلیدی ہاؤس تربت میں ایک شمولیتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں کولواہ کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات کہدہ اللہ بخش، ظہیر احمد، کہدہ حاصل بلوچ، حاصل غفور، رفیق میر شاہ بیگ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ جوشیلے نعروں، شعبدہ بازی اور وقتی سیاست نے عوام کو مایوسی سے دوچار کیا، تاہم اب عوام نے ایسی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر جوق در جوق پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے عوامی سطح پر مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ میر ظہور احمد بلیدی کا کہنا تھا کہ حکومت نے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں پر کام کا آغاز کیا ہے، جن کے دور رس اور مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ عوام ترقی کے اس عمل میں شریک ہونا چاہتے ہیں، اسی لیے وہ خدمت اور ترقی کے اس سفر کا حصہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام اب اچھے اور برے کی پہچان کر چکے ہیں اور ذاتی یا گروہی مفادات کی سیاست کو مسترد کر رہے ہیں۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی سے مستعفی ہو کر پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والے رہنما جاوید ولد ملا مرادبخش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر ظہور احمد بلیدی کی خلوص نیت، محنت اور سنجیدگی نے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر آمادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں پیپلزپارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔آخر میں صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے نئے شامل ہونے والے کارکنان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی سیاست کا محور عوامی خدمت ہے اور عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

