یونیورسٹی آف تربت میں مستحق طلبہ کے لیے آئی جی ایف سی اسکالرشپس تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، فیکلٹی آف لٹریچر اینڈ لینگویجز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ (تمغہ امتیاز)، فیکلٹی آف لاء کے ڈین ڈاکٹر مظفر حسین، رجسٹرار گنگزار بلوچ، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کمانڈنٹ مکران اسکاؤٹس بریگیڈیئر عمر طاہر نے شعبہ قانون کے طلبہ کے لیے 10 لاکھ روپے کا اسکالرشپ چیک ڈین فیکلٹی آف لاء کے حوالے کیا۔ اس کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے طلبہ کے لیے مزید 10 لاکھ روپے کا ایک اور چیک وائس چانسلر کو پیش کیا گیا۔ یہ اسکالرشپ آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز کی ہدایت پر بحال کی گئی تاکہ مالی مشکلات کا شکار ہونہار طلبہ کی مدد کی جا سکے۔
طلبہ سے خطاب میں بریگیڈیئر عمر طاہر نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور انہیں نصیحت کی کہ وہ اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں تاکہ خطے کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اسکالرشپ کی بحالی پر میجر جنرل بلال سرفراز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کے باوجود نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں، اور یہ اسکالرشپ مستحق طلبہ کو اپنے تعلیمی خواب پورے کرنے میں مدد دے گی۔
اساتذہ اور طلبہ نے صوبے میں تعلیم، امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ میں ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی خدمات کو سراہا۔

