تربت (گدروشیا پوائنٹ) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے دور افتادہ علاقوں ریکو اور ڈمبک اچانک بازار میں گلے کی بیماری (ڈیفتھیریا) پھیلنے کی اطلاع پر فوری نوٹس لیتے ہوئے اپنی میڈیکل ٹیم کے ہمراہ مذکورہ علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔ وہاں پتہ چلا اس طرح کی کوئی بیماری نہیں ہے۔ البتہ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے میڈیکل ٹیم کے ہمراہ تربت سے دور بلیدہ اور وہاں سے کچے اور دشوار گزار راستوں کے ذریعے ریکو اور ڈمیک اچانک بازار پہنچ کر عوام کا طبی معائنہ کیا اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ویکسینیشن بھی کی گئی۔ میڈیکل ٹیم میں ڈپٹی ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عزیز احمد دشتی، سرویلنس آفیسر ڈاکٹر طلال، میڈیکل آفیسر نصیر احمد، ڈی ایس وی عبداللطیف بلوچ، اے ایس وی شاہ بیگ، ویکسینیٹر ظریف احمد اورنگزیب، ڈسپنسر حلیم بلوچ سمیت دیگر عملہ شامل تھا۔
اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ ان علاقوں میں گلے کی کسی وبا کا خدشہ ہے تاہم مکمل چھان بین اور معائنے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ ڈیفتھیریا سمیت کوئی بھی متعدی بیماری پھیلی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل برکت نامی شخص کو بخار اور گلے میں شدید درد کی شکایت تھی جس کے باعث اسے کھانا کھانے میں دشواری ہو رہی تھی جسے علاج کیلئے فیملی نے کراچی اسپتال منتقل کیا ہے تاہم بیماری کی حتمی تشخیص تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ ڈی ایچ او نے مزید بتایا کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کچھ ٹیسٹ سیمپلز حاصل کیئے گئے ہیں جنہیں آج کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ موصول ہونے کے بعد محکمہ صحت کیچ کی ٹیم دوبارہ بیٹھ کر آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاقے میں کسی قسم کی تشویشناک صورتحال نہیں ہے اور کسی دوسرے مریض کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔
ڈاکٹر عبدالرؤف بلوچ نے عوام سے اپیل کی کہ غلط پیغامات پھیلا کر بلاوجہ خوف و ہراس نہ پھیلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں صحت سے متعلق کسی بھی مسئلے یا مشکل کی صورت میں پہلے معلومات کی تصدیق کریں اور محکمہ صحت تربت کے دفتر سے رابطہ کرکے آگاہ کریں۔ اگر اس کے باوجود تسلی بخش اقدامات نہ کیئے جائیں تو سوشل میڈیا فورمز کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

