تربت: کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے ان ڈور گیمز یونیورسٹی آف تربت میں جاری، افسران اور طلبہ کی بھرپور شرکت

تربت(گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول 2026 کے تحت یونیورسٹی آف تربت میں دوسرے روز بھی ان ڈور گیمز کے مقابلے جوش و خروش کے ساتھ جاری رہے۔ اس سلسلے میں بیڈمنٹن، شطرنج اور ٹیبل ٹینس کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ جن میں مختلف محکموں کے افسران اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ ان ڈور گیمز میں اے ٹی سی جج نثار احمد علیزئی اور جوڈیشل مجسٹریٹ شاکر بلوچ کیساتھ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق بادینی اور ڈاکٹر یعقوب بلوچ کے درمیان دوستانہ مقابلہ ہوا۔
اس موقع پر کیچ اسپورٹس فیسٹیول کمیٹی کے متحرک رکن عومر ہوت، ایکسین ایریگیشن رضا بلوچ، ایس ڈی او ایریگیشن ذاکر علی، لیکچرار امیر بخش، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ادریس سمیت مختلف افسران، پروفیسرز اور یونیورسٹی کے طلبہ موجود تھے۔ضلعی انتظامیہ کیچ کے زیراہتمام یونیورسٹی آف تربت کے جیمنازیم میں جاری ان ڈور گیمز کی نگرانی فیسٹیول کے ان ڈور گیمز منیجر اور یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر مظہر گچکی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر ڈاکٹر گل حسن بلوچ اور فیسٹیول کے پیٹرن اِن چیف و ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی خصوصی سرپرستی اور رہنمائی بھی شامل ہے۔ گیمز کے شرکاء نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے پلیٹ فارم کے ذریعے اسپورٹس کلبوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی، کالجز اور اسکولوں کے طلبہ کو بھی صحت مند اور مثبت اسپورٹس سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں جو نوجوان نسل کی جسمانی و ذہنی نشوونما کیلئے نہایت اہم ہیں۔