تربت(گدروشیا پوائنٹ)کھیل، فیٹنس امن اور یکجہتی کا خوبصورت امتزاج، ضلعی انتظامیہ کے تحت کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا شاندار اور کامیاب آغاز۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں بارہ روزہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا باوقار اور یادگار آغاز کبوتروں کو فضا میں آزاد کرکے کیا گیا۔ جس نے امن، یکجہتی اور کھیلوں کے فروغ کی خوبصورت علامت پیش کی۔ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہی کھیلوں کے میدان میں جوش و خروش بکھر گیا۔ فیسٹیول میں کراچی اور بلوچستان کے مختلف شہروں سے فٹبال اور کرکٹ کی نامور ٹیمیں شرکت کے لیے پہنچ چکی ہیں جبکہ ہمسایہ ملک ایران سے بھی ٹیمیں پہنچ رہی ہیں۔ جس سے اس ایونٹ کو بین الاقوامی رنگ ملے گا۔ فیسٹیول کے دوران مقامی روایتی کھیلوں سمیت 20 سے زائد مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں مردوں اور خواتین کی ٹیمیں بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہیں۔ افتتاحی روز کھیلوں کے میدان میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ اس موقع پر ایک دلچسپ اور یادگار لمحہ اس وقت سامنے آیا جب فیسٹیول کمیٹی اور سیاستدانوں کے درمیان رسہ کشی کا دوستانہ مقابلہ ہوا جس میں فیسٹیول کمیٹی کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر اور کمشنر مکران بھی شامل تھے جبکہ سیاستدانوں میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور معتبر حاجی برکت رند اور دیگر شامل تھے۔ شائقین نے بھرپور تالیاں بجا کر دونوں ٹیموں کو داد دی اور ماحول خوشگوار ماحول سے یادگار بن گیا۔ فیسٹول کے آرگنائزر ، پیٹرن اینڈ چیف و ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہاکہ کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا، کھیلوں کے فروغ کو یقینی بنانا اور ایک متحرک و صحت مند معاشرے کی تشکیل ہے۔ افتتاحی تقریب سے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے فشریز معتبر حاجی برکت رند، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت ڈاکٹر گل حسن بلوچ، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سیکرٹری التاز سخی نے خطاب کیا اور فیسٹیول کو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔ تقریب میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات، خواتین، بزرگوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ طالبات کی بھرپور شرکت نے ایونٹ کو مزید خوبصورت بنا دیا۔ افتتاحی دن بلوچ کلچرل مالد، دوچاپی، ہشتی، سائیکل ریس اور سو کلو میٹر دوڑ جیسے دلچسپ مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جنہیں شرکاء اور تماشائیوں نے بے حد سراہا۔ تقریب میں ایس پی کیچ کیپٹن زوہیب محسن، اسسٹنٹ کمشنر تربت کبزئی سیاسی رہنماوں نواب شمبئے زئی، ظریف زدگ، حمل بلوچ، خلیل تگرانی، بجار بلوچ، غفور احمد بزںجو، ڈاکٹر عبدالغفور بلوچ
اسٹیج کے فرائض فیسٹیول کمیٹی کے رکن عومر ہوت نے احسن انداز میں سرانجام دیے، جبکہ فیسٹیول کے ڈپٹی سیکرٹری و ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر غفار یوسف، ارکان غلام اعظم دشتی، چاکر بلوچ، کیپٹن باسط بلوچ، حبیب دشتی، ظریف رند شیر جان بلوچ، کیپٹن اعجاز احمد اور دیگر اراکین انتظامات کی نگرانی میں مصروف رہے۔کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کا یہ شاندار آغاز تربت اور مکران ڈویژن میں کھیلوں کے ایک نئے، روشن اور امید افزا باب کا آغاز ثابت ہو رہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بشیراحمد بڑیچ ، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی اور صوبائی وزیر معتبر حاجی برکت رند نے پہلے دن کے مقابلوں کے پوزیشن ہولڈر میں انعامات تقسیم کیئے

