تربت (گدروشیا پوائنٹ) بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، سب کیمپس تربت نے فنی و تکنیکی تعلیم کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) کی رجسٹریشن حاصل کر لی۔ رجسٹریشن کے بعد سب کیمپس تربت کے تحت تربیت حاصل کرنے والی افرادی قوت خلیجی ممالک اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں میں روزگار کے لیے اہل ہو گئی ہے۔ڈائریکٹر کیمپس شعیب شیران بلوچ نے کہا کہ NAVTTC رجسٹریشن نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ بیسڈ فنی تربیت فراہم کرنے کے ادارے کے وژن کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سب کیمپس تربت کو ایک جدید فنی تربیتی مرکز میں تبدیل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے تاکہ بلوچستان کے نوجوان عالمی معیار کے مطابق ہنر مند اور باعزت روزگار کے قابل بن سکیں۔تعلیمی اور سماجی حلقوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ اس سے نہ صرف فنی تعلیم کو فروغ ملے گا بلکہ علاقے میں بے روزگاری میں کمی اور معاشی ترقی کے نئے مواقع بھی کھلیں گے۔

