تربت سول سوسائٹی کا اغواکاری اور بدامنی کے خلاف 5 جنوری کی ریلی کی بھرپور حمایت کا اعلان

تربت(گدروشیا پوائنٹ)تربت سول سوسائٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کو ایک بار پھر اس نہج پر لے جایا جا رہا ہے جہاں اغوا برائے تاوان، مسخ شدہ لاشیں اور قتل و غارت روزمرہ کا معمول تھیں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں سول سوسائٹی کے ترجمان نے کہا کہ عوامی مزاحمت کے نتیجے میں وقتی طور پر ان حالات میں کمی آئی تھی، تاہم نادیدہ قوتوں کی جانب سے ایک بار پھر اسی رجحان کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ سیاسی مزاحمت کی تمام راہیں مسدود کر دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کیچ سمیت بلوچستان بھر میں بدامنی کی نئی لہر عوام کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے، اور اس صورتحال میں خاموشی اختیار کرنا ممکن نہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ تربت سول سوسائٹی آل پارٹیز کیچ کی جانب سے 5 جنوری کو منعقد ہونے والی احتجاجی ریلی کی مکمل اور بھرپور حمایت کرتی ہے۔ سول سوسائٹی نے کہا کہ کیچ کے عوام کو بندوق برداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر ریاست اس ذمہ داری سے انحراف کرتی ہے تو عوام کی جانب سے بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ آخر میں ترجمان نے تمام سیاسی، سماجی تنظیموں اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بدامنی، اغوا برائے تاوان اور عدم تحفظ کے خلاف متحد ہو کر اپنی آواز بلند کریں اور 5 جنوری کی احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کریں۔