تربت(گدروشیا پوائنٹ)بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ نے 5 جنوری کو اغوا برائے تاوان کے خلاف ہونے والے عوامی احتجاج کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی کے ضلعی ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کیچ سمیت پورے بلوچستان میں بدامنی کی موجودہ صورتحال سنگین تشویش کا باعث ہے، جس کی بنیادی وجوہات جبری گمشدگیاں، اغوا برائے تاوان، قتل و غارت، چوری، ڈکیتی اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو مسلسل ہراساں کرنا ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ ناکام اور مایوس کن پالیسیاں ریاست اور عوام کے درمیان فاصلے کو مزید بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبر، طاقت اور خوف کے ذریعے کسی بھی معاشرے میں ترقی ممکن نہیں، بلکہ اس طرزِ عمل سے حالات مزید خراب ہو رہے ہیں۔ ذمہ دار اداروں کو زور آزمائی ترک کر کے سنجیدگی کے ساتھ مثبت اور عوام دوست اقدامات کی طرف بڑھنا ہوگا۔ بیان میں کہا گیا کہ غیر جمہوری اور کھوکھلی پالیسیوں کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ملک میں انتشار، بے چینی اور عدم استحکام میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ معاشی اور معاشرتی بگاڑ بھی انہی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جن میں عوامی امنگوں کو نظرانداز کر کے مخصوص مفادات کو ترجیح دی گئی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی نے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار ادارے ملکی پالیسیوں پر ازسرِنو غور کریں، عوامی آواز کو سنیں، پارلیمنٹ اور عدلیہ کو آزاد کریں اور ایک ایسا مثبت و دیرپا راستہ اختیار کریں جس سے خوف، بے یقینی اور بے چینی کا خاتمہ ممکن ہو۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ہر اس عوامی جدوجہد کے ساتھ کھڑی ہے جو امن، انصاف، انسانی وقار اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہو، اور 5 جنوری کا عوامی احتجاج اسی جدوجہد کا تسلسل ہے، جسے برقرار رکھنا اور جاری رکھنا تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کی ذمہ داری ہے۔

