پسنی (گدروشیا پوائنٹ) تحصیل کرکٹ ایسوسی ایشن پسنی کے زیرِ اہتمام ندیم یاسین کرکٹ اسٹیڈیم میں آئندہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پسنی کی مختلف کرکٹ ٹیموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت تحصیل کرکٹ ایسوسی ایشن پسنی کے صدر غفار ناظم نے کی، جبکہ جنرل سیکریٹری دیدار اور قازن حمل خان بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں 6 جنوری سے شروع ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انتظامات، شیڈول اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی میں پسنی شہر میں کرکٹ ٹورنامنٹس نہ ہونے کی وجہ سے کھیل کے میدان ویران جبکہ اسپتال آباد نظر آتے تھے۔ اس موقع پر پاکستان کوسٹ گارڈز اور میونسپل کمیٹی پسنی کی جانب سے اسپورٹس دوستی کا واضح ثبوت دیتے ہوئے کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کے فیصلے کو سراہا گیا۔ کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ نے پاکستان کوسٹ گارڈز اور میونسپل کمیٹی پسنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہونے کا موقع ملے گا۔ شائقینِ کرکٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی شہر میں تعلیم، صحت اور اسپورٹس کے شعبوں میں قابلِ قدر خدمات انجام دے کر عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسنی کے شہری پاکستان کوسٹ گارڈز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ دوسری جانب میونسپل کمیٹی پسنی کی جانب سے شہر بھر میں صفائی ستھرائی مہم کو بھی سراہا گیا.

