تربت (گدروشیا پوائنٹ)حال ہی میں ہونے والی بارش کے بعد شہر میں پانی کھڑا ہونے کے خدشات کے پیشِ نظر میونسپل کارپوریشن تربت فوری طور پر متحرک ہو گئی ہے۔ میئر تربت بلغ شیر قاضی کی ہدایات پر چیف آفیسر شعیب ناصر کی قیادت میں بلدیاتی عملہ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے کام میں مصروف ہے. میونسپل اہلکار بھاری مشینری اور دستی وسائل کے ذریعے فوری کارروائی کر رہے ہیں، خاص طور پر گلی محلوں، مرکزی شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں جہاں پانی جمع ہونے کا خطرہ زیادہ تھا۔ شہر کے ہر حصے میں نکاسیٔ آب کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میئر تربت نے کہا کہ اگرچہ بلدیہ کو محدود وسائل دستیاب ہیں، مگر شہر کے اندر کہیں بھی پانی کھڑا نہیں رہنے دیا جائے گا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل عملہ دن رات محنت کر رہا ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ شہر صاف اور محفوظ رکھا جا سکے۔ میئر نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بلدیہ کے عملے سے تعاون کریں اور نالیوں میں کچرا ڈالنے سے گریز کریں تاکہ نکاسیٔ آب کا نظام مؤثر طریقے سے کام کرتا رہے۔ عوامی حلقوں نے بروقت اقدامات اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی بارش کے دوران فوری اقدامات جاری رہیں گے تاکہ شہر میں مسائل پیدا نہ ہوں۔

