ضلع کیچ میں اغواء برائےتاوان کی صورتحال تشویشناک ہے، ہمارے ذمہ دار کاروباری لوگوں کو اغواء کیا جارہاہے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت(گدروشیا پوائنٹ) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ضلع کیچ میں اغواء برائے تاوان کی صورتحال پر گدروشیا پوائنٹ چینل کے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اس وقت صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ ہمارے ذمہ دار لوگوں اور کاروباری افراد کے بچوں کو اغوا کیا جارہا ہے۔ ایک جانب اغواکار ہمارے بچوں کو اٹھا رہے ہیں تو دوسری جانب ریاست کا جو بھی رویہ ہے وہ بھی بلوچستان کی ترقی کو نہیں چھوڑ رہا۔ اب جتنی ہماری سڑکیں ہیں وہ بننے کے باوجود مسائل کا شکار ہیں۔ اس وقت تربت ٹو منڈ روڈ ایک عزاب بنا ہوا ہے۔ پیسے بھی موجود ہیں لیکن روزانہ وہاں حملے ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز کولواہ میں بھی جو سڑک بن رہی ہے، ہوشاپ ٹو آواران وہاں بھی ٹھیکیدار کیلئے مسائل پیدا کیئے گئے ہیں انہوں نے بتایا کہ پہلے جو انسرجنسی کے حالات ہوتے تھے ان میں بھی ترقیاتی کام نہیں روکے جاتے تھے اور نہ ہی کسی عام آدمی کو تکلیف دی جاتی تھی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔ ایک جانب ریاست کا طرزِ عمل ہے اور دوسری جانب ملیٹنٹوں کی وجہ سے ہماری ترقی رکی ہوئی ہے۔ اسلئے میں سمجھتا ہوں ان دونوں کو اپنی اسٹریٹجی پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔