تربت(گدروشیا پوائنٹ)سیلاب ایکشن کمیٹی کوشکلات کے اراکین نے ایکسیئن ایریگیشن محمد رضا بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیلاب سے بچاؤ کے لیے جاری اور آئندہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سیلاب ایکشن کمیٹی کے اراکین نصرت بزنجو، آصف دوست بلوچ، گہرام بلوچ، امجد مراد، درجان بلوچ، اسسٹنٹ انجینئر ذاکر بلوچ، پیٹی ٹھیکیدار، سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کمیٹی کے اراکین نے کیچ کور ندی کے اندر زیرِ تعمیر حفاظتی بند کے کام کی پیش رفت پر گفتگو کی اور کیچ ندی کے جنوب میں واقع نقصان زدہ بند کی مرمت کو فوری طور پر مکمل کرنے کی درخواست کی، تاکہ برسات کے موسم سے قبل تمام کام پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔دریں اثنا کیچ ندی کے اندر پانی کے رخ کو تبدیل کرنے کے لیے لیڈنگ کٹ کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مالی سال کے لیے ڈپٹی کمشنر کیچ کے فنڈز سے لیڈنگ کٹ کی توسیع کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کی درخواست کی جائے گی، تاکہ پانی کے بہاؤ کو مکمل طور موڑ کر محفوظ سمت میں منتقل کیا جا سکے۔

