تربت( گدروشیاپوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی ہدایات پر فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی کی سربراہی میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کیپٹن عبدالباسط، اسپورٹس آفیسر عبدالغفار یوسف اور تمام گرلز اسکولوں کی فوکل پرسنز نے شرکت کی، جہاں خواتین کے اسپورٹس مقابلوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ ذمہ داریاں دی گئی۔
اجلاس کے دوران میڈم گل جان، میڈم فہمیدہ، میڈم ہماء اور میڈم فوزیہ پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، جو خواتین کے اسپورٹس سے متعلق تمام انتظامات کی نگرانی کرے گی، جبکہ کالج کی مجموعی سرگرمیوں کی نگرانی میڈم ہماء کی سربراہی میں قائم کمیٹی انجام دے گی۔
انتظامیہ کے مطابق افتتاحی تقریب کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ 8 جنوری کو گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں ایک بھرپور پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ خواتین کے فائنل مقابلوں کی ٹرافی گرلز کالج کی پرنسپل میڈم گل جان خالد کے حوالے کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ ٹرافی انٹرنیشنل طرز پر مختلف مقامات کا دورہ کرے گی۔ اس سے قبل اسکولوں کے مقابلوں کی ٹرافی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ کے حوالے کی جا چکی ہے۔
اس موقع پر فیسٹیول سیکریٹری التاز سخی نے کہا کہ خواتین کے اسپورٹس کے فروغ اور گرینڈ افتتاحی تقریب کی کامیابی کے لیے خواتین کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیسٹیول خواتین کے لیے محض علامتی نہیں بلکہ انہیں بااختیار بنانے، اسپورٹس میں فعال کردار ادا کرنے اور قومی و بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنے کا عملی اقدام ہے۔
کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول میں فٹسال، کرکٹ، دوڑ، 100 میٹر ریس، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس سمیت مختلف مقامی کھیل شامل ہوں گے، جہاں تمام کھلاڑیوں کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں

