گوادر:حق دو تحریک بلوچستان کے رہنماؤں کا ماں جی میڈی کیئر سینٹر کا دورہ، زیرِ علاج افراد کے لیے انڈور گیمز کا سامان فراہم

گوادر ( گدروشیا پوائنٹ) حق دو تحریک بلوچستان کے رہنماؤں کا ماں جی میڈی کیئر سینٹر کا دورہ حق دو تحریک بلوچستان کے رہنماؤں نے آج ٹی ٹی سی کالونی میں قائم ماں جی میڈی کیئر سینٹر کا دورہ کیا، جہاں نشہ کے عادی افراد کا رضاکارانہ بنیادوں پر علاج کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حق دو تحریک بلوچستان کی ڈسٹرکٹ کور ٹیم کے اراکین شریف میانداد، نوید محمد، ضلعی چیئرمین اکرم فدا اور ضلعی جنرل سیکریٹری بابر شہزاد نے سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے مرکز میں زیرِ علاج افراد کی حالت، علاج کے طریقۂ کار اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور وہاں خدمات انجام دینے والے رضاکاروں سے ملاقات کی۔ سینٹر کے منتظمین نے رہنماؤں کو درپیش مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ وفد نے نہ صرف مسائل کو غور سے سنا بلکہ ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اس موقع پر ایم پی اے گوادر جناب مولانا ہدایت الرحمان کی جانب سے فراہم کردہ انڈور گیمز کا سامان رضاکار عارف نور کے حوالے کیا گیا، تاکہ زیرِ علاج افراد کی ذہنی و جسمانی بحالی میں مدد مل سکے۔ حق دو تحریک کے رہنماؤں نے ماں جی میڈی کیئر سینٹر کے انتظامیہ اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ایک قابلِ تحسین مثال ہے، جہاں نشے کے عادی افراد کو نہ صرف علاج بلکہ ایک نئی زندگی کی امید دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو نشے سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے لیے یہ سینٹر ایک محفوظ اور مؤثر پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ ماں جی میڈی کیئر سینٹر میں نہ صرف گوادر بلکہ دور دراز علاقوں اور دیگر اضلاع سے آنے والے نشہ کے عادی افراد بھی زیرِ علاج ہیں، جہاں انہیں مکمل توجہ، دیکھ بھال اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔