گوادر: مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں غیر قانونی اضافہ، 7 مرغ فروش گرفتار

گوادر ( گدروشیا پوائنٹ) گوادر میں مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں بلاجواز اضافے کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے سخت اور فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر کی ہدایات پر گراں فروشی میں ملوث 7 مرغ فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ شہریوں کی جانب سے مسلسل شکایات اور واضح شواہد سامنے آنے کے بعد پرائس کنٹرول ٹیم نے بازاروں میں اچانک چھاپے مارے ۔ سرکاری نرخ نامے کی کھلی خلاف ورزی ثابت ہونے پر نہ صرف گرفتاری عمل میں لائی گئی بلکہ زائد قیمت وصول کرنے پر قانونی کارروائی بھی کی گئی۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور منافع خوروں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔سعد ظفر کا کمیٹی کے ارکان کو حکم دیتے ہوئے کہا اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر سخت نگرانی جاری رکھی جائے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائے
سعد کلیم ظفر نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی کے خلاف شہری انتظامیہ کو آگاہ کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر پوائنٹ اسکورنگ کرتے ہوئے مطالبہ ضرور کرتے ہیں لیکن وہ مہنگائی ختم کرنے کے لئے بس تنقید کرکے واہ واہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش میں ہے ۔ انہوں نے کہا پرائس کنٹرول آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جارہا ہے تاکہ روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جاسکے ۔
اے سی گوادر سعد کلیم ظفر نے کہا کہ گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کی اطلاع فوری طور پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔