تربت:ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد کی زیرصدارت کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد

تربت (گدروشیا پوائنٹ) کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ کے دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے کی۔ اجلاس میں سیکریٹری کیچ اسپورٹس اینڈ فٹنس فیسٹیول التاز سخی، ضلع بھر کے تعلیمی و اسپورٹس افسران، اسکول سربراہان اور فیسٹیول انتظامیہ نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن کیچ ڈاکٹر اصغر علی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن دشت شیر جان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن تربت، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تربت نواجید حسین، پرنسپل اور ہیڈ ماسٹرز سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں اسکول اسپورٹس ایونٹس، انتظامی امور اور مقابلہ جاتی سرگرمیوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔فیسٹیول انتظامیہ نے بتایا کہ مین فیسٹیول کا شاندار افتتاح 5 جنوری کو اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ اسکول اسپورٹس ایونٹس کا گرینڈ اوپننگ 7 جنوری سے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب کے دوران ضلع بھر کے اسکولوں کی ٹیمیں مارچ پاسٹ میں حصہ لیں گی، جس سے فیسٹیول میں تعلیمی اداروں کی بھرپور نمائندگی یقینی بنائی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے کہا کہ وہ خود اسکول اسپورٹس ایونٹس کی نگرانی کریں گے اور افتتاحی تقریب کو تاریخی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایونٹس طلبہ کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی نشوونما میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سیکریٹری فیسٹیول التاز سخی نے کہا کہ یہ فیسٹیول ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کے وژن کے مطابق کیچ کی تاریخ کا سب سے بڑا، منظم اور ہمہ گیر اسپورٹس ایونٹ ہوگا اور اسکول سطح کے مقابلے اس فیسٹیول کا نمایاں حصہ ہوں گے۔