تربت: سابق وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ٹیچنگ ہسپتال میں جدید اینڈوسکوپی سوٹ کا افتتاح کر دیا

تربت(گدروشیا پوائنٹ) ٹیچنگ ہسپتال تربت میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں انڈواسکوپی سوٹ مشین کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ سابق وزیراعلی بلوچستان اور رکن بلوچستان اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نےانڈواسکوپی سوٹ مشین کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ ، ٹیچنگ اسپتال تربت کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالوحید بلیدی، مکران میڈیکل کالج تربت کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق اور ڈاکٹرز موجود تھے۔ ایم ایس ڈاکٹر وحید بلیدی نے بریفننگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ نے ایک کروڑ 3 لاکھ روپے مالیت کی اس جدید مشین کو خریدا اور اسپتال میں تنصیب کرایا ہے اس مشین سے معدہ اور آنتوں کے امراض کی تشخیص و علاج میں سہولت میسر آئے گی اور مریضوں کو اب یہ سہولت تربت ہی میں دستیاب ہوگی مریضوں کو کراچی سمیت دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ افتتاح کے بعد ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈی سی بشیر احمد بڑیچ کی اسپتال کے کانفرنس روم میں ڈاکٹرز کیساتھ نشست ہوئی جہاں ڈاکٹرز نے اپنے اور اسپتال کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔ ایم پی اے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور ڈپٹی کمشنر بشیر احمد بڑیچ نے انہیں یقین دہائی کرائی. اس موقع پر سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بتایا کہ تربت ہسپتال میں اینڈوسکوپی، کولونوسکوپی اور دیگر جدید پروسیجرز کا آغاز ہوگیا ہے جس کی فنڈنگ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کوئٹہ کے بعد یہ سہولتیں تربت میں دستیاب ہونا ایک بڑا کریڈٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تربت، گوادر اور پنجگور سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور گیسٹرو کے مسائل مقامی سطح پر حل کیے جاسکیں گے۔ تاہم تربت کے سینئر ڈاکٹرز کی انڈکشن کا مسئلہ درپیش ہے جس کے حل کے لیے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں تربت میڈیکل کالج و ہسپتال میں اینجیوگرافی، اینجیو پلاسٹی اور دیگر جدید ٹیسٹوں کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی اور کوئٹہ کے بعد تربت کا شمار صوبے کے اہم طبی مراکز میں ہوگا۔