تربت(گدروشیا پوائنٹ)ملک کے دیگر حصوں کی طرح ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت میں بھی بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ ولادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت اکبر اسماعیل، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن تربت شعیب ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ملک ریحان دشتی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ امتیاز سخی سمیت مختلف محکموں کے سربراہان، محکمہ تعلیم کے ضلعی و تحصیل افسران اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ دریں اثناء اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی کی جانب سے قومی پرچم کو فضا میں لہرا کر دن بھر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔ بعدازاں اسکول کے آڈیٹوریم میں ضلع کیچ کے مختلف اسکولوں کے طلباء و طالبات کے مابین تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر تربت تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد ملی نغمے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر طلباء و طالبات نے قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی بے مثال جدوجہد کو سلام پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ قائدِ اعظم کی انتھک محنت اور ولولہ انگیز قیادت کی بدولت ہی پاکستان کا قیام ممکن ہوا اور آج ہم ایک آزاد ملک میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی نے کہا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کی پوری زندگی جدوجہد، دیانت داری اور اصول پسندی کی روشن مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں قائدِ اعظم کے سنہری اصولوں—ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط—پر عمل پیرا ہو کر ذاتی مفادات کے بجائے قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ اعظم نے دو قومی نظریے کو عملی طور پر ثابت کرکے ہمیں پاکستان جیسی آزاد ریاست عطا کی، جو آج ایک ایٹمی طاقت ہے اور دنیا میں اپنی منفرد پہچان رکھتی ہے۔ اختتامی کلمات میں پرنسپل گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی اسکول تربت اکبر اسماعیل نے قیامِ پاکستان میں قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے کردار کو تاریخ کا ایک عظیم باب قرار دیا۔ آخر میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کبزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امجد شہزاد، پرنسپل اکبر اسماعیل اور دیگر معززین نے تقریری مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔

