تربت:غلام فاروق میموریل ہسپتال بلیدہ میں خالی آسامیوں پر تحریری امتحان اور انٹرویوز مکمل

تربت(گدروشیا پوائنٹ)غلام فاروق میموریل ہسپتال بلیدہ میں مختلف خالی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کے سلسلے میں تحریری امتحان اور انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر امیدواروں نے ایچ آر کمیٹی کے روبرو امتحان اور انٹرویو میں شرکت کی۔ غلام فاروق میموریل ہسپتال بلیدہ کی ایچ آر کمیٹی میں اسپتال کے سی ای او ڈاکٹر رحیم بلیدی، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر عبدالروف بلوچ، ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر محب اللہ، اے ڈی سی کیچ تابش بلوچ، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر کیچ صدام حسین اور مکران میڈیکل کالج تربت کے پرنسپل ڈاکٹر افضل خالق و دیگر شامل تھے جن کے سامنے امیدوار پیش ہوئے۔
اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ مجموعی طور پر 140 سے زائد خالی آسامیوں کیلئے امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ ان آسامیوں کیلئے 22 دسمبر 2025 کو تحریری امتحان منعقد کیا گیا جبکہ کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 23 اور 24 دسمبر 2025 کو مکمل کیئے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق اہل اور قابل افراد کی تعیناتی سے غلام فاروق میموریل ہسپتال بلیدہ میں طبی سہولیات کے معیار میں نمایاں بہتری آئے گی اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات میسر ہوں گی۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ بھرتی کے تمام مراحل کو مکمل شفافیت، میرٹ اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا گیا۔ دوسری جانب عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بلیدہ سے صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی کی کوششوں سے بلیدہ کو ایک معیاری ہسپتال کی صورت میں بڑی سہولت میسر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل بلیدہ زامران کے عوام کا صحت کے مراکز اور ماہر ڈاکٹرز کی کمی کا دیرینہ مسئلہ اس اقدام سے بڑی حد تک حل ہوگیا ہے۔