گوادر (گدروشیاپوائنٹ)یونیورسٹی آف گوادر میں اسپرنگ 2026 سیشن کے مختلف انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔ ان انٹری ٹیسٹس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں امیدواروں نے شرکت کی، جن میں تقریباً 45 فیصد خواتین امیدوار شامل تھیں۔ یہ انٹری ٹیسٹس بی ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری (اے ڈی) کے تعلیمی پروگرامز میں داخلوں کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔ترجمان یونیورسٹی آف گوادر کے مطابق انٹری ٹیسٹس کے انعقاد کے لیے یونیورسٹی کے بلاک ون میں تین امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ امیدواروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے وائس چانسلر کی خصوصی ہدایات پر گوادر شہر سے امتحانی مراکز تک امیدواروں کے لیے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔امتحانی عمل کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف گوادر ڈاکٹر سید منظور احمد اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم بخش مہر نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی نظم و ضبط، امیدواروں کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اپنے پیغام میں امتحانی عمل کے شفاف، منصفانہ اور منظم انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ داخلہ عمل کے دوران میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انٹری ٹیسٹس کے کامیاب انعقاد پر کنٹرولر امتحانات آفس، رجسٹرار آفس، ایڈمیشن سیل، فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے کی مشترکہ کاوشوں اور ٹیم ورک کو سراہا۔ اپنے پیغام میں وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی آف گوادر کا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات کو جدید علوم، نئی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلبہ صوبے اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ یونیورسٹی آف گوادر میں تعلیم و تدریس کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور مارکیٹ کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تعلیمی پروگرامز کے سلیبس اور کورس اسکیمز کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جاری کردہ نئی پالیسی کے مطابق ہم آہنگ کر دیا گیا ہے، تاکہ یونیورسٹی آف گوادر کو خطے میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کا ایک مثالی مرکز بنایا جا سکے۔ایڈمیشن انچارج کے مطابق انڈرگریجویٹ پروگرامز کے انٹری ٹیسٹس کے نتائج 26 دسمبر 2025 بروز جمعہ جاری کیے جائیں گے، جبکہ میرٹ لسٹس یونیورسٹی کی سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع کی جائیں گی۔

