گوادر:ایم پی اے ہدایت الرحمان بلوچ کی خصوصی ہدایت پر انجینئر پبلک ہیلتھ نواز بزنجو کا شادی کور ڈیم اور شہر کی پبلک ہیلتھ واٹر ٹینکی کا دورہ

گوادر(گدروشیا پوائنٹ)ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی خصوصی ہدایت پر انجینئر پبلک ہیلتھ نواز بزنجو نے شادی کور ڈیم اور شہر کی پبلک ہیلتھ واٹر ٹینکی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وائس چیئرمین فہیم علی، جوہر عزیز اسماعیل، ملا شاداد، مولانا ساجد اور دیگر بھی موجود تھے۔ سوشل میڈیا پر بدبودار پانی کی فراہمی کی شکایات کے بعد ایم پی اے ہدایت الرحمان نے فوری طور پر اپنی ٹیم کو جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی۔ انجینئر نواز بزنجو نے بتایا کہ شادی کور ڈیم میں پانی کی شدید کمی کے باعث کوکونٹ فارم کی واٹر ٹینکی میں مردہ مچھلیاں پائی گئیں، جس کے نتیجے میں شہر میں بدبودار پانی پہنچا۔ انجینئر نواز بزنجو نے اپنی ٹیم کو میونسپل کمیٹی کے تعاون سے واٹر ٹینکی اور پانی کی سپلائی چینلز کی مکمل صفائی کی ہدایت دی، جس پر ٹیم فوری طور پر صفائی کے عمل میں مصروف ہو گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی کے دوران پسنی شہر کو آئندہ پانچ دن تک پانی کی فراہمی معطل رہے گی، جبکہ چینلز اور واٹر اسٹوریج کی مکمل صفائی کے بعد دوبارہ پانی کی سپلائی بحال کر دی جائے گی۔ شہریوں نے بروقت کارروائی پر ایم پی اے ہدایت الرحمان بلوچ، انجینئر نواز بزنجو اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔